قتل کا الزام، آصف علی زرداری نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا

اسلام آباد(آن لائن)عمران خان کی جانب سے الزامات لگانے کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا ہے۔سابقوزیراعظم عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے بھجوایا گیا ہے جس میں ان سے 14 دن میں غیرمشروط معافی مانگنے کا کہا گیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے قانون نوٹس فاروق ایچ نائیک نے بھیجا جس میں کہا گیا ہے کہ 27 جنوری کو عمران خان نے قومی میڈیا پر خطاب میں سابق صدر آصف زرداری پر الزام لگایا کہ انہیں آصف زرداری کی جانب سے جان کا خطرہ ہے، انہوں نے عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کیا عمران خان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں؟ یہ سراسر الزام اور بہتان ہے، اس سے کئی شکوک و شبہات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا عمران خان عدالت کو اس پر واضح مؤقف دیں اور ثبوت سامنے لائے جائیں۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں شہرت کوپہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ 14 روز میں عمران خان غیر مشروط معافی مانگیں، معافی نہ مانگی تو قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہوئے تو 10 ارب روپے ہرجانے کا کیس کروں گا۔