عمران کے بیان سے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جان کا خطرہ ہو سکتا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کا رجیم چینج کا الزام امریکہ سے لے آکر اب محسن نقوی تک آگیا ہے، عمران کے بیان سے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جان کا خطرہ ہو سکتا ہے، ملک میں کوئی سانحہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے آصف زرداری پر انہیں قتل کرانے کی سازش کا الزام لگا کر نیا پینترا بدلا ہے جوکہ سیاست کا رْخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی ہے، ہماری سیاست میں ایسے واقعات نہ پہلے ہوئے اور نہ آئندہ ہوں گے۔سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی ہوتے رہیں گے، عمران خان نے نیا پتہ کھیلا ہے جس سے خون خرابا ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی معاشی تباہی کا ذمے دار ہے، اس کا الزام امریکا سے شروع ہو کر محسن نقوی پر آ گیا ہے، جس طرح سے سیاست کا رخ بدل رہا ہے اس سے بڑی بد دیانتی کوئی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت بڑی قربانی دی ہے، دہشتگردی کی جنگ میں بینظیر بھٹو شہید ہوئیں، اتنی بڑی قربانی کے باوجود پیپلز پارٹی نے سیاسی جدوجہد جاری رکھی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو جھوٹے الزامات اور مقدمات میں قید نہیں کرنا چاہیے، سیاسی انتقام کا سخت مخالف ہوں، اگر خوانخواستہ کوئی بڑا سانحہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہوگا۔وزیرِ دفاع نے کہا کہ اگر سیاسی طور پر بات کریں گے تو کوئی ایکشن نہیں لے گا، اداروں کو دھمکیاں دیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔آصف زرداری،نواز شریف،پی ڈی ایم کی قیادت گرفتار ہو سکتی ہے تو یہ کون ہیں، ان پر تو سچے الزامات ہیں ان کو گرفتار کرنا چاہئے، کوئی شوقیہ گرفتاری نہیں ہو گی باقاعدہ قانون کا ہاتھ پڑے گا،ن لیگی رہنما نے کہا کہ یہ اپنے وقت میں فرمائشی پروگرام کرتے تھے، کہتے تھے ان کو پکڑ کر لے آؤ۔