اوگراکا مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے پر پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لائن)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس کی بندش کے معاملے پر پمپس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔اوگرا حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ بند رکھنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔حکام نے کہا کہ چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز سے رابطہ کر کے ضلعی انتظامیہ کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔اوگرا حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس بندش معاملے کو جلد نمٹایا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی قلت کے باعث شہری در بدر بھٹکنے لگے۔سیالکوٹ،بہاولپور، گوجرانوالہ، ساہیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا۔ شہری پیٹرول اور ڈیزل کی تلاش میں ایک سے دوسرے پمپ پر مارے مارے پھرتے رہے۔رحیم یار خان، چشتیاں، کوٹ ادو میں بھی مالکان نے پمپ بند کر دیئے گئے۔ قصور، شیخوپورہ کھاریاں، سمندری میں بھی پیٹرول دستیاب نہیں تھا،پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کم آرہی ہیں جس کی وجہ سے سپلائی متاثر ہے۔