لاہور (آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نازیبا گفتگو کی مذمت کرتی ہوں،یہ نا قابل قبول ہے کہ پرویز الٰہی فواد چوہدری پر الزام لگائیں کہ ہمیں حکومت کرنے دیں کیونکہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب رہنا تھا۔انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی الزام لگا رہے ہیں کہ فواد چوہدری نے اسمبلی تحلیل کروائی ہے، وہ پارٹی پالیسی کے ساتھ نہیں کھڑے، فواد چوہدری کا اس میں اپنا ذاتی مفاد نہیں تھا۔اگر آج آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ اسمبلی تحلیل نہیں کرنی چاہیے تھی تو آپ تحریک انصاف کے نظریے اور پالیسی کے ساتھ نہیں کھڑے ہوئے۔حبا فواد نے کہا کہ پرویز الٰہی کی گفتگو سے میرے اور میرے بچوں کے جذبات مجروح ہوئے۔جس طرح کی پرویز الٰہی نے زبان استعمال کی کیا انہیں اور ان کی عمر کو یہ ججتاہے، انہوں نے شرمناک رویہ اختیار کیا۔یاد رہے کہ پرویز الٰہی اس حوالے سے مسلم لیگ ہاؤس میں خطاب کیا تاہم رات گئے انہوں نے اس پر معافی مانگ لی تھی۔
Load/Hide Comments



