عمران خان کی پنجاب، کے پی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی،شبلی فراز

لاہور(آن لائن)پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کاخط ملا کہ عمران خان کی پنجاب، کیپی کی سیکیورٹی واپس لے لی ہے، سابق وزیر اعظم کا حق ہوتا ہے کہ اسے سیکیورٹی ملے۔ زمان پارک لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ قاتلانہ حملے کے باوجود کٹھ پٹلی حکومت استعمال ہو رہی ہے، ہم اس کی پوری ذمہ داری رانا ثنااللہ پر ڈالتے ہیں، عمران خان کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار راناثنا اللہ اور یہ کٹھ پتلی حکومت ہوگی۔شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ تلقین کی ہے کہ سیاست آئین کے دائرے میں ہوگی، خان صاحب نیکسی کو قانون کے باہر کام کرنیکا نہیں کہا۔انہوں نے کہا کہ آج سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہیں جس میں راجہ پرویز اشرف، الیکشن کمشن، پنجاب اور کیپی حکومت کو فریق بنایا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایسے شخص کووزیر اعلٰی بنایا جس کاماضی داغ دار ہے، ان کی کابینہ بھی متنازع لوگوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی ہر حرکت ثابت کرے گی کہ یہ الیکشن کرانے کے حق میں نہیں، کے پی میں جو وزیر لگائے گئے ان کی اکثریت سیاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ نہ دیکرجو آئین شکنی کر رہے ہیں، اس پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، مینڈیٹ لینے پر ملک بہتر ہوگا، سازشوں کے ذریعے کبھی نہیں ہوسکتا۔