عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات

لاہور (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد آگے کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زمان پارک لاہور میں ہونیوالی ملاقات میں سیکرٹری جنرل اسد عمر، فواد چودھری، سینیٹر اعظم سواتی اور حماد اظہر نے بھی شرکت کی، ملاقات کے دوران الیکشن کمیشن کے اقدامات کے خلاف آئینی آپشنز پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران سیاسی رہنماؤں نے الیکشن کمیشن کے متنازعہ اقدامات کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے اور سیاسی آپشنز پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں الیکشن کی تاریخ نہ آنے پر اظہار تشویش کیا گیا اور بیورو کریسی کی اکھاڑ پچھاڑ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، چودھری پرویزالٰہی نے آئندہ سیاسی معاملات کے حوالے سے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔