سیلاب نے ریلوے کو تاریخی نقصان پہنچایا، وزیر ریلوے سعد رفیق کی رہنمائی میں ہمارے افسران اور عملہ نے دن رات محنت کر کے مرحلہ وار ٹرینوں کو بحال کیا

لاہور (آن لائن) سیلاب نے ریلوے کو تاریخی نقصان پہنچایا لیکن وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی رہنمائی میں ہمارے افسران اور عملہ نے دن رات محنت کر کے مرحلہ وار ٹرینوں کو بحال کیا۔ کوئٹہ کے لئے بھی مچھ تک ٹرین سروس کو بحال کیا جاچکاہے۔ 27جنوری سے گرین لائن ٹرین مارگلہ اسلام آباد سے دوبارہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔جس میں چائنہ سے درآمد شدہ جدید نئی کوچز لگائی جا رہی ہیں۔ دوران سفر ٹکٹ میں شامل اضافی سہولیات: فائیو سٹار ہوٹل کی طرف سے ہائی ٹی، ڈنر، ناشتہ اور لنچ۔اعلیٰ کوالٹی بیڈنگ، یوٹیلیٹی کٹ، وائی فائی اور انفوٹینمنٹ بھی فری ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز سلمان صادق شیخ نے ریلویز ہیڈکواٹرز لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں عوام کے ریلوے سے متعلق مسائل اور ضروریات کے بارے میں سنتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران بھی موجود رہے۔ اس کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ریلوے کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔سلمان صادق شیخ نے ریلوے ملازمین سے درخواست کی کہ اپنی اپنی ڈویڑنز میں شکایات ڈی ایسز کو دیں جو کہ مناسب فورم ہے۔تاکہ جلد شنوائی ہو سکے۔اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو تو ہیڈکوارٹرز رابط کیا جا سکتا ہے۔نئی پالیسی کے مطابق جو بھی شخص پی ایم پیکیج پر بھرتی ہوگا وہ ریگولر تصور کیا جائیگا۔ملازمین کوارٹر الاٹمنٹ پالیسی کومد نظر رکھتے ہوئیالاٹ کئے جاتے ہیں۔ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں میں دیری پر ریلوے انتظامیہ معزرت خواہ ہے۔ سی ای او ریلوے نے کہا کہ اس فیس بک لائیوکھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ آپ کی جائز شکایات دور ہوں اور آپ کی تجاویز پر عمل ہو تاکہ ریلوے میں بہتری آسکے۔ فیس بک لائیو کھلی کچہری دوپہر 1 بجکر 40 منٹ سے سہ پہر 3 بجکر 40 منٹ تک جاری رہی.