کراچی(آن لائن)جماعت اسلامی کے وفد نے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ کا دورہ کیا۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار اور دیگر رہنماوں نے حافظ نعیم کا استقبال کیا۔ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے وفود کے درمیان بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی وفد کی قیادت صوبائی صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کر رہے تھے۔ ملاقات میں پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری مبین جتوئی،صدر کراچی بلال غفار، اراکین اسمبلی سیف الرحمٰن، ارسلان تاج، راجہ اظہر، سعید آفریدی، شہزاد قریشی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امراء ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، انجینئر سلیم اظہر، جنرل سیکریٹری کراچی منعم ظفر شامل تھے۔ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نام پر ڈراما سب نے دیکھا، الیکشن سے پہلے،دوران اور بعد میں بھی جماعت اسلامی کے ساتھ رابطہ تھا۔ سیاست میں اختلاف رائے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہوتی ہے، زرداری مافیا نے شہر میں تباہی کانظام چلایا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کیساتھ4رکنی کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے، بلدیاتی انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنائی ہے۔ فارم 11کا رزلٹ سب کے سامنے ہے۔ فارم گیارہ کے بعد کوئی ووٹ ڈال جائے اور رزلٹ آگے پیچھے کرے اسکو ہم نہیں مانیں گے.
Load/Hide Comments



