عوام آ ئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے اقتدار میں واپسی کے خواب کو کسی صورت شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی، آفتاب شیرپاؤ

پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کامقصد عمران خان کی اقتدار میں واپسی کیلئے راستہ ہموار کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام آنے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے اس خواب کو کسی صورت شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے تحصیل تنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤاور دیگر صوبائی و ضلعی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ عمران خان کوملک کی معیشت اور مفادات سے کوئی سروکار نہیں ہے کیونکہ ان کو صرف اپنی اناعزیز ہے۔انھوں نے کہا کہ جس طریقے سے خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کی گئی اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سلیکٹڈ تھی۔انھوں نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے لیکن عمران خان اپنی طرز سیاست سے ملک میں انار کی اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک اور باالخصوص خیبر پختونخواکی معاشی بدحالی کی ذمہ دار ہے جہاں پر ان کی ساڑھے نو سال حکومت رہی۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومتیں ایک منظم سازش کے تحت ملک اور صوبے پر مسلط کی گئی تھی جس کا خمیازہ مہنگائی،بے روزگاری اور معاشی بد حالی کی صورت میں قوم کو بھگنا پڑ رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ اب عوام ملک اور صوبے کا فیصلہ کرے گی کیونکہ سوشل میڈیا پر دعوں سے حالات نہیں بدلتے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے والے بھی موجودہ بحرانوں کے ذمہ دار ہے۔انھوں نے پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صوبے کا امن تباہ ہوگیا ہے اور دہشت گردی کے اثرات نمودار ہونا شروع ہو گئے ہیں۔انھوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی موجودہ حکومت نے اپنی سیاسی ساکھ داؤ پر لگا کر ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بحرانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اہل اور سمجھدار قیادت کی ضرورت ہے تاکہ عوام ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا جاسکے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا گیس اور بجلی کے پیداوار میں خود کفیل ہونے کے باوجود بھی یہاں کے باسی ان سہولیات کیلئے تڑپ رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے عوام میں بے چینی پھیل رہی ہے کیونکہ ان سے کئے گئے وعدوں کو ایفا نہیں کیا گیا۔