گورنر پختونخوا ہ کا اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور (آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوامحمودخان آج (منگل کو) صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے ایڈوائس پرمشتمل سمری گورنر کو ارسال کریں گے۔ تاہم گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب کے گورنر کی طرح خیبر پختونخواہ کے گورنر حاجی غلام علی نے بھی صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے عمل کا حصہ نہ بننے کافیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر پختونخوا سمری پر دستخط کیے بغیر48 گھنٹے انتظار کریں گے تاکہ آئین میں درج وقت مکمل ہونے پر صوبائی اسمبلی ازخود تحلیل ہوجائے۔اس سلسلے میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل سے متعلق سمری پردستخط نہ کرکے گورنر اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے اوراسمبلی کے ازخود تحلیل ہونے کاانتظارکیاجائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ گورنر پختونخوا، صوبے میں نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے سلسلے میں اپنا کردار ضرور ادا کریں گے اورجونہی صوبائی اسمبلی تحلیل ہوگی تو وہ وزیر اعلیٰ محمودخان اور اپوزیشن لیڈراکرم خان درانی کو خط ارسال کریں گے، جس میں اْن سے کہاجائے گاکہ وہ آئین کے مطابق آپس میں مشاورت کے ذریعے نگراں وزیر اعلیٰ کاتقررکریں۔