چودھری پرویزالٰہی اور حسین الٰہی کی عمران خان سے ملاقات، نگران وزیر اعلی کیلئے 3 ناموں پر اتفاق

لاہور (آن لائن) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان سے نگران وزیر اعلی کے ناموں پر مشاورت ہوئی ہے اور ہم نے گورنر پنجاب کو نگران وزیر اعلی کیلئے تین نام دینے ہیں – عمران خان سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلی کے لئے تین نام احمد نواز سکھیرا، نصیر احمد خان اور ناصر سعید کھوسہ پر اتفاق کیا گیا ہے – ہم یہ تینوں نام نگران وزیر اعلی کیلئے گورنر کو بھجوا رہے ہیں۔ اپوزیشن کھلے دل سے سوچے تو ان میں سے ایک نام پرنظر آرہا ہے۔ وہ آج رات گئے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کل پارٹی کے عہدیداروں کی میٹنگ بلائی ہے، سینیٹر کامل علی آغابھی شرکت کریں گے – اس میٹنگ میں اہم مشاورت کی جائے گی۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ کا رونا دھونا چل رہا ہے، ان کی شامت آنے والی ہے – شہباز شریف کو اب نیند آورگولیوں سے بھی نیند نہیں آنی-ن لیگ والوں کی شکلیں دیکھیں، یہ گھبرائے ہوئے ہیں اورپی ڈی ایم والے چلے ہوئے کارتوس ہیں -ایم این اے حسین الٰہی اور حافظ فرحت عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔