مشکل حالات میں حکومت کو غیر مستحکم نہیں کریں گے: مصطفیٰ کمال

کراچی (آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں حکومت کو چھوڑنے سے ہماری تسکین تو ہوجاتی لیکن ملک کیلئے تباہ کن ہوتا۔ شہبازشریف کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے بات ابھی قبل از وقت ہے۔حکومت کو عدم استحکام سے دو چار نہیں کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ملک میں ابتر معاشی حالات، افراط زر اور مہنگائی کی صورتحال۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت کو چھوڑنے سے ہماری تسکین تو ہوجاتی لیکن ملک کے لیے تباہ کن ہوتا، ہم میں محب وطنی کسی سے زیادہ نہیں تو کم بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو غیر مستحکم نہیں کریں گے، حلقہ بندیوں کے معاملے پر ہماری بہت بڑی جیت ہوئی ہے، حلقہ بندیوں کے معاملے میں لوگوں کے پاس اور سپریم کورٹ جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے بات ابھی قبل از وقت ہے، ان کے اعتماد کے ووٹ پرملک کو غیر مستحکم کرنیکا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سے جو حمایت ہمیں آنا تھی وہ آگئی ہے، صوبائی حکومت نے حلقہ بندیوں پرغلطی مان لی ہے، نئی حلقہ بندیوں کے بغیر ایسے میئر بننے کا کوئی فائدہ نہیں۔