پرویز الٰہی زبردستی پنجاب پر مسلط،اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا پڑیگا، رانا ثناء اللہ

لاہور (آن لائن)وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پرویز الٰہی زبردستی پنجاب پر مسلط ہیں، اعتماد کا ووٹ ہر صورت لینا پڑیگا، پی ٹی آئی،پرویز الہی اور ان کے برخواردار نے گزشتہ تین ماہ میں جسطر ح پنجاب کو لوٹا ہے اسکی مثال نہیں ملتی،جنیوا کانفرنس میں دنیا کا پاکستان کیلئے امداد اور اعتماد ملک کے ڈیفالٹ کی مہم چلانے والوں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے پاکستان کی توقع 8 ارب ڈالر تھی لیکن دنیا بھر سے پاکستان کو 11 ارب ڈالر کی خطیر رقم موصول ہوئی ہے، یہ رقم پاکستان کے لیے قرضہ نہیں بلکہ گرانٹ ہے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم ’عمرانی ٹولے‘ کی جانب سے پاکستان کی معیشت کو تباہی سے نکالنے کے لیے ہے، اس رقم سے ڈالر سستا ہوگا اور مہنگائی بھی ختم ہوگی۔رانا ثنااللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب یہ مسائل حل ہوں گے تو عوام کی ناراضگی بھی دور ہوگی اور ’عمرانی ٹولے‘ کی جعلی شہرت اگلے تین ماہ میں انجام کو پہنچ جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی سال الیکشن میں پنجاب سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتیں الیکشن جیت کر اپنے سفر کو جاری رکھیں گی۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ پاکستان کو دوبارہ اسی سطح پر لے کر جائیں گے جہاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کررہا تھا، لیکن ’عمرانی ٹولے‘ نے پاکستان کی معیشت کا برا حال کردیا۔اقلیتی حکومت چوہدری پرویز الہیٰ اس وقت پنجاب میں مسلط ہیں، انہوں نے پنجاب اسمبلی میں میرا داخلہ بند کرنے کی کوشش کی لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات سے انکار کردیا۔انہیں جب معلوم ہوگیا کہ ایوان میں ان کے پاس مطلوبہ تعداد کی حمایت حاصل نہیں ہے تو انہوں نے ہمارے خلاف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے، انہیں خوف ہے کہ ان کی چوری پکڑی جائے گی۔پچھلے تین ماہ میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ق) نے جتنا لوٹا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، عمران خان نے اپنی حکومت کے دوران منی لانڈرنگ کی، ڈالر باہر بھیجا، آج مہنگائی اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔پنجاب اسمبلی میں ہماری تعداد 179 ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ تعداد 180 ہے، پنجاب حکومت کے پاس 186 تعداد نہیں ہے، اس صورتحال میں اگر نئے وزیراعلیٰ کا الیکشن ہوتا ہے تو وہ آئین کے مطابق ہوگا ورنہ وفاقی حکومت آئینی طور پر گورنر راج لگا سکتی ہے۔عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی توہین کے کیس میں اگر وہ نااہل ہوجاتے ہیں کہ انہیں پارٹی چیئرمین سے دستبردار ہونا پڑیگا۔