لاہور (آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی قانون اور داخلہ امور عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لینے سے بھاگ رہے ہیں، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے۔پنجاب اسمبلی میں ہمارے ارکان پورے ہیں لیکن کل حکومتی اتحاد کے 140 ارکان ایوان میں آئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کئی محرکات ہیں کہ لاہور کا ماسٹر پلان عجلت میں کیوں منظور کرایا گیا،لاہور میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کیلئے گرین ایریا کو براؤن کیا جا رہا ہے۔پنجاب اسمبلی میں ہمارے اراکین کی تعداد پوری ہے تاہم گزشتہ رو زپی ٹی آئی اور اتحادیوں کے نمبرز پورے نہیں تھے۔ ہمارے اراکین کی تعداد 179 ہے،پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 160 سے 165سے اوپر نہیں جاتی۔ہمارے 2 اراکین ایوان میں غیر حاضر تھے جبکہ پی ٹی آئی اور اتحادی دھاندلی سے نمبرز پورے کرنا چاہتے ہیں۔ عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ کہا گیا کہ وفاقی وزراء پنجاب اسمبلی میں نہیں آسکیں گے،پنجاب اسمبلی گجرات کی ضلع کونسل نہیں اور نہ ہم بننے دیں گے۔وزیر اعلٰی کو اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، ایک کھوکھلا انسان وزارت اعلیٰ کی کرسی پر براجمان ہے،خواتین ارکان بھی کہہ رہی ہیں۔پی ٹی آئی اور اتحادی آپس میں لڑ رہے ہیں کہ زیادہ کرپشن کس نے کی۔
Load/Hide Comments



