محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر کراچی میں 12 جنوری سے سردی کی نئی لہر کا امکان ظاہر کردیا

کراچی (آن لائن) محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر کراچی میں 12 جنوری سے سردی کی نئی لہر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی والے ہوجائیں تیار کیونکہ محکمہ مومسیات نے سردی کی نئی لہر کا امکان ظاہر کیا ہے جو ایک ہفتہ تک جاری رہ سکتی ہے۔چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے نئی والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 12 جنوری سے سردی کی نئی لہر شروع ہوسکتی ہے، اس دوران درجہ حرارت سنگل ڈیجیٹ میں آئے گا۔مغربی سسٹم کے نتیجے میں 12جنوری سے کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی شدید لہر متوقع ہے، نئی مغربی لہر کی وجہ سے کراچی کا کم سے کم پارہ 6 سے 7 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔اس دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں یخ بستہ ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کراچی میں سردی کی نئی لہر 12 سے 17 جنوری تک جاری رہے گی۔سردی کی نئی لہر کا سلسلہ مغربی ہواؤوں کے ساتھ بدھ 11 جنوری سے بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد شروع ہوگا۔ میٹ آفس کی جانب سے 13 اضلاع کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ 10 جنوری سے رات یا 11 جنوری سے کوئٹہ، ڑوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین میں بارش اوربرف باری ہوسکتی ہے، جب کہ ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، مسلم باغ اور پشین میں بھی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس نئی لہر کے دوران مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔پی ڈی ایم اے نے اپیل کی ہے کہ شہری پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جب کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خطرناک مقامات پر بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ملک بھر سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے، سوات اور ستور میں برف باری جاری ہے، ضلع دیامر میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ برف باری کے باعث شاردہ سے تاؤ بٹ تک شاہراہ نیلم بند ہوگئی، صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ پی ڈی ایم اے نے بدھ سے جمعہ کے دوران بارش اور برف باری کی پیشگوئی کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں وہاڑی، پاکپتن، بہاولنگر،چشتیاں، پیر محل، منچن آباد اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔