پاکستان معمولی ملک نہیں اور ہم ڈیفالٹ کرنے نہیں جا رہے،احسن اقبال

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان معمولی ملک نہیں اور ہم ڈیفالٹ کرنے نہیں جا رہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مشکلات کا سامنا ہے اور دوست ممالک سے مل کر مشکلات حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف 31 ارب کی برآمدات کو 100 ارب تک لے جانے ہے،برآمدات میں اضافہ ہی ہمارا دار و مدار ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ سیاست کی بجائے ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔پی ڈی ایم کی قیادت والی حکومت کو پچھلی حکومت کی فالتو معاشی پالیسیوں کی وجہ سے معاشی محاذ پر مشکلات کا سامنا تھا، لیکن ہم جلد ہی معاملات کو بدلنے کے لیے پر امید ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشت پر منفی قیاس آرائیاں مارکیٹ اور کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہیں، انہوں نے سیاستدانوں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کی حوصلہ شکنی کریں۔احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیاور ہمیں امید ہے کہ آئی ایم ایف جلد ہی ملک میں مارکیٹ کی غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کے لیے ہمارے نویں جائزے کی منظوری دے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آئی ایم ایف کے ساتھ عدم اعتماد کی فضا ہے جو عمران کے چار سالہ دور حکومت میں وعدوں کی خلاف ورزی کی وجہ سے قائم ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ جنیوا کانفرنس پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نوکے لیے بین الاقوامی تعاون کو راغب کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی،ہمارا ایجنڈا ملک میں امن بحال کرنا ہے، کوئی اس بحالی کے اور ترقی کے سفرمیں حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو خیرمقدم کریں گے۔