اسلام آباد،لالہ موسی(آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کی باگ ڈور پاکستان کی سالمیت کی خاطر سنبھالی اور ملک کو اس تباہی اور بربادی سے محفوظ رکھا جس دھانے پر عمران خان پہنچا چکے تھے، انہوں نے ان خیالات کا اظہارکرنانہ لالہ موسیٰ میں دو کروڑ چوہتر لاکھ کی لاگت سے لالہ موسیٰ ڈنگہ لنک روڈ کے تعمیراتی کام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دور پاکستان کے ہر شعبے میں تباہی کی مانند ثابت ہوا انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ چار سال میں ملک کو عالمی سطح پر تنہا کیا اور سعودی عرب، چین، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک جنہوں نے ہر قسم کے حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ان ممالک سے عمران خان نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو خراب کیا، انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس پاکستان کے موجودہ نوجوان وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا ذولفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو ثابت کرتے ہوئے سفارتی محاذ پر لاجواب کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں مشیر امور کشمیر نے کہا کہ عمران خان ملک کو غیر مستحکم کرنے کے لیے پارلیمان، الیکشن کمیشن اور دیگر اہم اداروں پر کو بیجا تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افغانستان سے دہشتگردوں کو پاکستان آنے کی اجازت دی جس کی وجہ سے آج پھر بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں سیکورٹی کی صورتحال خراب ہو رہی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کو نہ ماننے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ریاست کی رٹ کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایک طرف آج پنجاب حکومت گجرات تحصیل میں اربوں روپے کے فنڈز خرچ کر رہی ہے اور اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تحصیل کھاریاں کے عوامی نمائندے اپنی ہی حکومت سے قلیل ترقیاتی فنڈز لینے سے بھی قاصر ہیں، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مشکل صورتحال کا باوجود وہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے اور پاکستان کی خدمت کی خاطر اپنی سیاست جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے کردار اور اصولوں کی وجہ سے کبھی بھی ان کی آنکھیں اپنی حکومت، جماعت اور عوام کے سامنے نہیں جھکی ہیں ، انہوں نے اس موقع پر وزیر اعظم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے مشکل صورتحال کے باوجود ترقیاتی فنڈز فراہم کیے ہیں۔اس سے قبل قمر زمان کائرہ نے دو کروڑ چوہتر لاکھ کی لاگت سے لالہ موسیٰ ڈنگہ لنک روڈ سڑک کے افتتاح کے لیے نقاب کشائی کی۔
Load/Hide Comments



