نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے16رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

کراچی(آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سیلکٹر شاہد خان آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 16رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا۔کیویز کے خلاف ون ڈے کی قیادت بابر اعظم کریں گے،کراچی میں کیویز کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ کپتان بابراعظم اور ثقلین مشتاق کی مشاورت سے ٹیم بنائی ہے، کوشش ہے کہ بابراعظم کو بڑے کرکٹر کے ساتھ ایک اچھا کپتان بنائیں۔کیوی ٹیم کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے،بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف، کامران غلام، حارث سہیل اور امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد حسنین، محمد نواز اور محمد رضوان کو بھی پاکستان ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔وسیم جونیئر، نسیم شاہ، آغا سلمان، شاہنواز دھانی، شان مسعود، طیب ظاہر اور اسامہ میر بھی پاکستانی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ انجری کا شکار شاداب خان سے بالنگ کروائی ہے تاہم وہ مکمل فٹ نہیں، اس لیے انہیں ریسٹ دیا گیا ہے، انکی جگہ اسامہ میر کو موقع دیا ہے۔ اسامہ میر کی تگڑی فارم ہے، جس نے اچھا کام کیا ہے اس کا کریڈٹ ملنا چاہیے، اچھی پرفارمنس پر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، احمد شہزاد کو ہم نہیں بھولیں گے، کرکٹ اکیڈمیز میں 9،9 ماہ سے کام نہیں ہورہا تو ان کا کیا کرنا ہے۔شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کپتان اور سلیکٹرز ایک پیج پر ہیں،ایک پیج کا مطلب ہر فیصلہ میں ایک ہونا ضروری نہیں ہے ہماری ذمہ داری اپنی ہے،کپتان اپنی ذمہ داری نبھاتا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنساہمیت رکھتی ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ایسی کرسی ہے کہ اکثر لوگ ناراض ہوں گے، یہ انصاف کی جگہ ہے، سب کو خوش نہیں کرسکتا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس بہت اہمیت رکھتی ہے، سلیکشن کمیٹی نے تمام مشاورت مکمل کرلی ہے۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ بابر اعظم جتنا بڑا کھلاڑی ہے اس کو اتنا ہی اچھا کپتان دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں ٹیلنٹ نظرآرہا ہے اور ہمیں مستقبل کو بھی دیکھنا ہے کپتان اور کھلاڑی سبھی ایک پیچ پر ہیں،پی سی بی مشاورت کرتا ہے تو اس میں رائے دیتے ہیں،کوئی کھلاڑی اچھا نہ کھیلے تو اس کو ٹیم سے نکال دیا جاتا ہے ہم نے نئے اور پرانے سب کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے شاداب خان انجری کا شکار ہیں، بابر اعظم سے رائے لی ہے اب سیلکشن میں کوئی دشواری نہیں ہوگی، ڈومیسٹک سیزن کے وقت سب کھلاڑیوں کو کھیلنا ضروری ہے،ڈومیسٹک سیزن چل رہا ہو اور کھلاڑی نہ کھیلیں تو اس کے سخت خلاف ہوں،اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔