ووٹر لسٹوں کو بنیاد بنا کر کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں کیے جا سکتے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی (آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں کو بنیاد بنا کر کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں کیے جا سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد اس وقت بدترین حالات سے دوچار ہے۔ معیشت کو سہارا دینے والا شہر خود بے سہارا ہے۔ اس شہر کے باسیوں کے پاس موقع ہے کہ وہ اپنا نمائندہ منتحب کریں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت قریب آتے ہی سازشیں پھر شروع ہو گئی ہیں۔ پہلے ہی تین مرتبہ بلدیاتی انتخابات ملتوی ہو چکے ہیں۔حلقہ بندیوں کے مسئلے پر جماعت اسلامی وقت پر آواز اٹھاچکی۔ اس شہر کے حق پر شب خون مارا گیا ہے۔ یہ لوگ حلقہ بندیوں کو جواز بنا کر الیکشن سے فرار چاہتے ہیں۔امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ووٹر لسٹوں کو بنیاد بنا کر الیکشن ملتوی نہیں کیے جا سکتے۔ جان بوجھ کر تمام معاملات کو خراب رکھا گیا ہے۔ 15 جنوری کو الیکشن کا ہونا لازمی ہے۔ ہم آج 5 جنوری کو وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے۔