کراچی (آن لائن) دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 154رنزبنا لئے۔ نیوزی لینڈ کی برتری ختم کر نے کیلئے مزید 295 رنز درکار ہیں اور 7 وکٹیں باقی ہیں۔ قومی بیٹر امام الحق 74اور سعود شکیل 74رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جو اگلے روز کھیل کا آغازکرینگے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری اور اعجاز پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ کے دوسرے روز منگل کو نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 309 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور ایش سوڈھی جلد ہی 11 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بن گئے، ان کے بعد ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کیوی کپتان ٹم ساؤتھی نے 10 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 124 رنز کا اضافہ کیا جس میں نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے میٹ ہنری کے شاندار 56 رنز بھی شامل تھے، یہ ان کی تیسری نصف سنچری تھی، میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کے درمیان دسویں وکٹ پر 100 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔میٹ ہنری 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کے ہمراہ 10ویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے اعجاز پٹیل 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 449 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے نوجوان اسپنر ابرار احمد نے 4 جبکہ آغا سلمان اور نسیم شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا تاہم عبد اللہ شفیق صرف 19رنز پر ہنر ی کی گیند پر پٹیل کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین جا بیٹھے جس کے بعد شان مسعود امام الحق کا ساتھ دینے آئے تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور بیس رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی 24رنز پر ر ن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔ بابر اعظم کے آؤٹ ہونے بعد سعود شکیل امام الحق کا ساتھ دینے کیلئے میدان میں اترے۔ دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 154رنز بنا لئے، پاکستان کی جانب سے امام الحق 74اور اور سعود شکیل 13 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ مہمان ٹیم کی جانب سے ہنری اور اعجاز پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا.
Load/Hide Comments



