پاکستان جونیئر لیگ کے کھلاڑی کئی ما ہ بعد بھی تنخواہ کی ادائیگی کے منتظر

لاہور(آن لائن ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے ادائیگی کے مسائل تاحال حل نہیں کیے ہیں ؒ۔ پہلا ایڈیشن گزشتہ سال اکتوبر میں ہوا تھا جس میں صرف غیر ملکی کرکٹرز کو 70 فیصد ادائیگی کی گئی تھی جبکہ مقامی کھلاڑی تاحال انتظار کر رہے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق مقامی کھلاڑیوں کو پی جے ایل کے اختتام سے قبل ادائیگی کی جانی تھی لیکن وہ تاحال منتظرہیں۔ اگرچہ یہ لیگ 21 اکتوبر کو ختم ہوئی تھی۔ گوادر شارک کے کیپٹن شمائل حسین نے بھی ٹوئٹر پر عدم ادائیگی کے معاملے کی تصدیق کی۔نئی تعینات ہونے والی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز کی ادائیگی کے معاملے کے بعد اب کمیٹی پی جے ایل کے معاملے کو دیکھے گی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی کے سابق سربراہ رمیز راجہ نے پی جے ایل کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹرز کی ادائیگی میں تاخیر کی تاہم اس کے کھلاڑیوں کو بھی ادائیگی نہیں کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کوچز کو بھی تنخواہ دینے میں ناکام رہا، جنہوں نے پاکستان جونیئر لیگ کے دوران مختلف فرنچائزز کے ساتھ کام کیا۔ کرکٹ اتھارٹی پر اضافی بوجھ کی وجہ سے انتظامیہ نے حال ہی میں رمیز راجہ کے ڈریم پروجیکٹ پی جے ایل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا.