سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(آن لائن)سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباددی ہے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا دن ہے کہ نیا سال ہر پاکستانی کے لیے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو، مفاہمت، ہم آہنگی اور مکالمہ ملک کو موجودہ اقتصادی و سماجی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ضروری ہیں،ترقی و خوشحالی پاکستانی قوم کا مقدر ہے، پاکستانی قوم موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پر عزم ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ہم آہنگی، مفاہمت اور مکالمے کی پالیسیوں کو اپنانے کی ضرورت ہے،بینظیر بھٹو کی مفاہمت کی پالیسی کو اپنا کر موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، ہماری بہادر مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف برسر پیکار ہیں، دہشتگردی کے ناسور پر قابو پانے کے لیے افواج پاکستان کو قومی یکجہتی اور دعاؤں کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور مہنگائی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے،عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں،سیاستدان پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سیاست میں رواداری، محبت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، قوم عزت نفس، عزم، مستقل مزاجی، برداشت اور جہد مسلسل کو زندگی اور معاشرے میں سنہری اصولوں کے طور پر اپنائے، عظیم قومیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتی ہیں، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر ”یقین محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم“۔ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، علامہ اقبال کے فلسفہ خودی، محبت اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر ملک و قوم کو چیلنجز سے نکلا جا سکتا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سال نو قوم کے لیے خوشیوں لائے گا، نیا سال پاکستانی قوم کے لئے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا، سال 2023 نا صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کا سال ثابت ہوگا،ملکی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔