اب کوئی دہشت گرد کراچی کو بند نہیں کرسکتا،مرادعلی شاہ

کراچی (آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اب کوئی دہشت گرد کراچی کو بند نہیں کرسکتا۔ ہم اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے موثر اقدامات کررہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ بہت جلد شہر کا امن بحال کر کے اسے دوبارہ امن و محبت کا شہر بنائیں گے۔ کراچی ڈویژن کے بلدیاتی انتخابات میں نامزد امیدواروں کے حوالے سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق نااہل وزیراعظم عمران نیازی نے ملک کو اندھیروں کی جانب دھکیلا اور کراچی کے منصوبوں کے لیے 11 سو ارب کے اعلانات کیے مگر افسوس عمران نیازی نے کراچی پر 11 روپے تک خرچ نہیں کیے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے کراچی کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں کراچی میں دھاندلی ہوئی اور اب یہ باتیں سامنے آرہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی کے لوگوں کو دہشت گردی سے چھٹکارا دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کلاشنکوف اور منشیات کلچر سے پہلے کراچی ایک ماڈل شہر ہوا کرتا تھا۔ ہم پوری کوشش ہے کہ کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں۔انہوں نے کہا کہ2008ء میں کراچی کو زبردستی بند کروایا جاتا تھا اور اْس دوران کراچی امن و امان کے حوالے سے ایک خطرناک شہر سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی آبادی اس وقت تقریبا 2 کروڑ سے زیادہ ہے مگر ہم پوری کوشش کریں گے کہ لوگ پْر اطمینان زندگی گزاریں اور بلاخوف و خطر شہر میں گھومیں پھریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جیسے ہی اقتدار میں آئی تو ہماری پہلی ترجیح کراچی میں امن و امان قائم کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی 2008ء سے کراچی میں محنت، لگن اور سچائی سے کام کررہی ہے۔2008ء میں دہشت گرد عروج پر تھے اور شہر کو زبردستی بند کرایا جاتا تھا۔ایسے حالات میں کوئی ترقی کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے امن و امان کی بحالی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کام شروع کیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شہر میں بارش ہوتی تھی تو شہر تالاب کا منظر پیش کرتا تھا مگر اب شہر میں بارش سے اربن فیلڈنگ کا کوئی خطرہ نہیں۔کراچی شہر اب پی پی پی کے حوالے ہے اور یہ پارٹی شہر کو سنبھال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے منشور کے مطابق شہر کو روزگار، تعلیم، ثقافت اور صنعتی ترقی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی کی ہدایت پر شہر میں ترقیاتی کام جاری ہیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تقریب کی صدارت کی۔ تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران اور ضلعی صدور نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔