نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں باؤنسی وکٹ تیار کی جائے گی، شاہد آفریدی

کراچی(آن لائن) چیئرمین عبوری سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں باؤنسی وکٹ تیار کی جائے گی۔نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ وہ اگلا میچ ڈیڈ پچ پر نہیں کھیلنے دیں گے، ہمیں اپنے دلوں سے شکست کا خوف نکالنا ہوگا، یہ ہمارے گیند بازوں کو برباد کررہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رواں سال آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی ناقص معیار کی فلیٹ پچز کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہا ہے جس نے فاسٹ باؤلرز کو کوئی مدد فراہم نہیں کی۔ اس ماہ کے شروع میں راولپنڈی کی پچ کو دوسری بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے“نیچے اوسط”کی قرار دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کیوریٹرز کو باؤنسی وکٹ تیار کرنے کے لیے پچ میں تبدیلیاں کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 2 سے 6 جنوری تک کھیلا جائے گا۔