اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ صدرعارف علوی کا بیان عمران خان کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے، عمران خان اور تحریک انصاف کو ان کے بیان کی وضاحت دینی چاہئے۔پیر کے روز اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے، ان کے صدر کہہ رہے ہیں کہ سابق آرمی چیف نے ہی ان کو سینیٹ اور عام انتخابات میں مدد کی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے دن ہی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا یہ “سلیکڈ وزیراعظم ہیں،تاخیر سے ہی صحیح لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کر دیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے، عمران خان ایک طرف اسٹیبلشمنٹ پر الزام تراشی اور دوسری طرف ان کو سیاسی اور انتظامی کردار ادا کرنے کا کہہ رہے، عمران خان اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسا رہے ہیں، شیری رحمان نے مزید کہا کہ یہ اداروں کو کہہ رہے کہ ماورا آئین کردار ادا کریں اور مجھے اقتدار میں لائیں، عمران خان کو بے ساکھیوں پر سیاست کرنے کی عادت پڑ چکی ہے، ان کو چاہئے کہ وہ اداروں کو اپنے سیاسی بیانیہ کا حصہ بنانے سے گریز کریں۔
Load/Hide Comments



