وزیر داخلہ کا بلوچستان میں رودی سرنگ دھماکے سے پاک فوج کے آفیسرسمیت جوانوں کی شہادت پر دکھ اورغم کااظہار

لاہور (آن لائن)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومراور فخر ہیں، عوام انکے پیچھے کھڑے ہیں،دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا، اب بھی پوری قوت اورطاقت سے اسکا قلع قمع کرینگے۔جاری بیان میں وزیر داخلہ نے بلوچستان کے علاقے کا ہان میں آپریشن کلیئرنس کے دوران بارودی سرنگ دھماکے سے کیپٹن فہد اورانکے دیگرساتھیوں لانس نائیک امتیاز،سپاہی شمعون، اصغراور مہران کی شہادت پر غم اورافسوس کااظہار کیا ہے۔وزیرداخلہ نے شہداء کے بلندی درجات کیلئے دعا اور انکے لواحقین سے تعزیت اورہمدردی کااظہار کیا ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہناتھا پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کے جذبہ حب الوطنی اورشہادت کوپوری قوم کی طرف سے خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ شہداء ہماری قوم کے ماتھے کا جھومراور فخر ہیں۔پورے پاکستانی عوام انکے پیچھے کھڑے ہیں۔رانا ثناءاللہ کا کہناتھا دہشتگردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا، اب بھی پوری قوت اورطاقت سے اسکا قلع قمع کرینگے۔ ارض وطن پرموجود ایک ایک دہشتگرد اور ملک دشمن کا صفایاکرینگے(انشاءاللہ)۔ اللہ تعالی ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے؛ انکے لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے (آمین)۔