خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،احسن اقبال

راولپنڈی(آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک جن حالات سے گزر رہا ہے انتشار سے بچنا ہوگا، خیبر پختونخوا میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،جن عناصر کا قلع قمع کیا تھا وہ پھر سے سر اٹھا رہے ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہم نے دہشت گردی کو پہلے بھی ختم کیا تھا اب بھی کرینگے۔پاکستان میں امن کے ساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دیں گے۔عمران خان ملک کو مسلسل عدم استحکام کی طرف لے جارہا ہے۔کے پی کے میں لاء اینڈ آرڑ کی صورت حال سب کے سامنے ہے۔کے پی کے حکومت نے دہشت گرد عناصر کو سر اٹھانے کا پھر سے موقع دیا ہے۔۔انہوں نے کہا حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی اور معیشت پر کام کررہی ہے عمران خان سیاسی کھیل کھیل رہا ہے۔ دہشت گرد جو پھر سے سر اٹھارہے ہیں انکے خلاف متحد ہوکر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔