بجلی کے نرخ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے نہ سوچا ہے ، خرم دستگیر خان

فیصل آباد(آن لائن)وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ حکومت مقامی ایندھن اور سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے۔حکومت نے بجلی کے نرخ بڑھانے کا نہ کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی سوچا ہے۔پہلے کوارٹرمیں پاور سیکٹر کی ریکوری کم ہونے کی وجہ سیلاب کی تباہ کاری ہے جس سے بلوچستان،سندھ،جنوبی پنجاب اور کے پی میں بجلی کا نظام تباہ ہوا اور لوگوں کو ر یلیف دیاگیا۔وزارت توانائی نے صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی،میٹرریڈنگ،اووربلنگ کی شکایات کے خاتمے کیلئے اے ایم آئی میٹر کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا ہے تمام تقسیم کار کمپنیاں اس پراجیکٹ پر کام کررہی ہیں۔آٹو میٹڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) کا نفاذ بجلی چوری اور تکنیکی نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدددے گا۔بلنگ کی کوالٹی میں بھی بہت بہتری آئے گی۔اووربلنگ سے متعلقہ شکایات کا ازالہ ہوگا بجلی کے ضیاع کا خاتمہ ہوگا ہمارا مشن عوام کی خدمت اور انہیں بہتر مستقبل کی فراہمی ہے۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں دوردراز کے علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔کوٹ مومن میں نئے 132کے وی گرڈسٹیشن کی تعمیر سے علاقے میں لووولٹیج کا خاتمہ ہوگا اور بلاتعطل بجلی کی فراہمییقینی ہوگی۔صارفین کو کوالٹی سروس ملے گی اور نئے زرعی،تجارتی اور کمرشل کنکنشز کا اجراء تیزی سے ہوگا۔مذکورہ گرڈتقریباًایک ارب کی لاگت سے آئندہ چھ ماہ میں تعمیر کیاجائے گا۔وہ کوٹ مومن میں 132کے وی کے نئے گرڈسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اور جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔