گردشی قرضہ، آئی ایم ایف کے 9ویں جائزہ مشن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن گیا

اسلام آباد (آن لائن)گردشی قرضہ، آئی ایم ایف کے 9ویں جائزہ مشن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے گردشی قرضہ کو کم کرنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا۔وزارت توانائی نے 700 ارب روپے سے زائد کاخسارہ پورا کرنے کیلئے تجاویز دے دیں۔ بجلی کی قیمتوں میں 31.60 روپے فی یونٹ اضافہ کی تجویز دی گئی ہے اضافہ کی صورت میں کمرشل صارفین کیلئے ٹیرف 94 روپے فی یونٹ ہو جائیگا۔ صنعتی صارفین کیلئے بجلی کا ٹیرف 80 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔ تجارتی، بلک، صنعتی، دیگر اور عمومی خدمات سمیت پانچ کیٹیگریز پر سرچارج لگانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ سرچارج کے نفاذ کیلئے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہوگی۔580 ارب روپے کی سبسڈی کی رقم کے ساتھ 2.72 روپے فی کلو واٹ اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں 700 ارب روپے سبسڈی دینے کی تجویز بھی ہے۔ کون سی تجویز اختیار کرنی ہے، مشارت کے بعد وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کرے گی۔