پاک قطر دوستانہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(آن لائن) چیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قطر کے قومی دن کے موقع ہر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے اور اپنی طرف سے میرے لئے یہ باعث مسرت ہے اور میں قطر کی حکومت اور عوام کو  تہہ دل سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی عوام قطری بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور تعاون فروغ تقویت پا رہے ہیں۔  پاکستانی حکومت اور عوام قطر کی جانب سے پاکستان کے ساتھ معاونت اور مختلف امور میں حمایت  کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جس نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مسلسل کردار ادا کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آنے والے سالوں میں اس  دوستانہ تعلقات اور اچھے تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔ انھوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی قطر کے عوام کی ترقی اور عالمی معاملات میں قطر کو ایک مثالی مقام دلوانے کے لئے کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے کہ امیر قطر کی دور اندیشی اور قائدانہ صلاحیتوں کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔