لاہور (آن لائن) چیئرمین پاکستان علما کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں باہمی اتحاد، اخوت اور محبت کا درس دیتا ہے، مشرقی پاکستان کا سانحہ ذاتی مفادات اور انا پرستی کی وجہ سے پیش آیا، سانحہ اے پی ایس نے پوری قوم کو متحد کر دیا، پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف دشمن قوم اور فوج میں تقسیم اور دوری چاہتا ہے، بیرونی ایجنڈہ پر بعض عناصر پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ میں مصروف ہیں، سانحہ مشرقی پاکستان میں قربانیاں دینے والے پاک فوج کے شہدا، غازیوں اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کسی بھی قوم اور وطن کی بقا اور سلامتی قوم اور فوج اور سلامتی کے اداروں کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہوتی ہے۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں نے مشرقی پاکستان میں قوم اور فوج میں تقسیم پیدا کی جس سے مشرقی پاکستان کا سانحہ پیش آیا۔ اگر اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت باہمی مشاورت و اتحاد سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتی اور دشمن کی سازشوں کو سمجھتی تو کبھی بھی پاکستان دو لخت نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان دشمن عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے صبح و شام پاکستانی قوم میں اور فوج میں دوریاں پیدا کرنے اور تقسیم پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، لیکن ان کو ناکامی ہوئی ہے اور آئندہ بھی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے قوم کو متحد کر دیا تھا اور قوم کی قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی ختم ہوئی اور پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، سلامتی کے اداروں اور اس وقت کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی کوششوں سے پیغام پاکستان جیسا میثاق قوم کے سامنے آیا جس پر پندرہ ہزار سے زائد علما و مشائخ دستخط کر چکے ہیں۔ پیغام پاکستان کی طرح ضرورت ہے کہ قومی قیادت ایک میثاق پاکستان کرے تا کہ پاکستان کو معاشی، اقتصادی، معاشرتی طور پر مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مشرقی پاکستان میں قربانیوں اور شہدا اے پی ایس اور ان کے لواحقین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Load/Hide Comments



