سکھر(آن لائن)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد، سکھر ایم 6موٹر وے منصوبے کو ساڑھے تین سال سے التواء میں رکھا گیا، اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنا تاریخی اہمیت کا حامل ہے، سکھر حیدرآباد موٹروے منصوبے پر دونوں طرف سے کام ہوگا،منصوبے پر کام کرنے کے لیے 25 ہزار نوکریاں مقامی لوگوں کو ملنی چاہیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر حیدرآباد موٹر وے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد سکھر، حیدرآباد نیشنل ہائی وے کی بہت بْری صورتحال ہے، انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ اس کی بحالی کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں، سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے کوئی امید نہیں تھی اس لیے مطالبہ بھی نہیں کیا، ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اسی لیے وزرا سے ہی بات کریں گے،انہوں نے سندھ میں سیلاب زدگان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی کئی علاقوں میں پانی موجود ہے، آج بھی کئی افراد کو امداد دی جارہی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اور وفاق نے مل کر سیلاب متاثرین کے لیے گھر بنانے کا منصوبہ بنایا ہے، اس پروجیکٹ کے لیے ہمیں 300 ارب روپے کی ضرورت ہے، اس کا ایک تہائی حصہ عالمی بینک سے مل جائے گا، جبکہ بقیہ 33 فیصد حکومت سندھ اور وفاقی مل کر حصہ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے 50 ارب روپے اس پروجیکٹ کے لیے مختص کیے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت اس میں ہمارا ساتھ دے گی۔
Load/Hide Comments



