سیاسی بندر بانٹ کا عمل جاری ، کرپشن اور لوٹ مار میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی دوڑ لگی ہوئی ہے، حافظ نعیم الرحمن

کراچی (آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی بندر بانٹ کا عمل جاری ہے، کرپشن اور لوٹ مار میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی دوڑ لگی ہوئی ہے۔ دونوں پارٹیوں کے گٹھ جوڑ میں کراچی کے عوام اور ان کے مفادات کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے، وزارتوں اور اقتدارمیں شراکت داری کے لیے ایک بار پھر کراچی کے عوامی مینڈیٹ کو فروخت کیا جا رہا ہے۔ جتنے بھی وزیر اور مشیر بنالیں، کراچی کے عوام 15جنوری کو اپنے ووٹ کی طاقت سے سودی بازی کرنے والوں سے انتقام لیں گے اورعوام سے ووٹ لے کر عوام کو بھول جانے والے تمام لوگوں کو مسترد کرکے جماعت اسلامی کو کامیاب بنائیں گے۔ مایوسی اور اندھیروں میں صرف جماعت اسلامی امید کی کرن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سیکریٹری جنرل کراچی منعم ظفر خان،نائب امیر راجہ عارف سلطان،،امیر ضلع ائیر پورٹ توفیق الدین صدیقی، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کھوکھرا پار میں پانی کی عدم فراہمی پر واٹر بورڈ کے خلاف مظاہرہ کرنے والے پُر امن افراد پر پولیس تشدد کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر K-4کا منصوبہ بروقت مکمل ہو جاتا تو آج شہر میں پانی کی موجودہ قلت کی سنگین صورتحال ہرگز نہ ہوتی۔ 17سال ہو گئے شہر میں ایک گیلن پانی کا اضافہ نہیں ہوا، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر k-4کو تعطل کا شکار کیا۔ نواز لیگ اور پی ٹی آئی کی وفاقی حکومتوں نے بھی اس منصوبے کی تکمیل کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔پریس کانفرنس میں پولیس تشدد کا شکار زخمی رضوان بھی موجود تھا، جس کی تشدد زدہ تصاویر میڈیا کو بھی دیکھائی گئیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے عوام اب مزید دھوکہ نہیں کھائیں گے، ایم کیو ایم 35سال سے کراچی پر مسلط ہے اور ہر حکومت کا حصہ رہی ہے، اس نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بڑھائے اور اب عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقا ب ہو چکی ہے لیکن ایک بار پھر ایم کیو ایم کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اب کراچی کے عوام اسے قبول نہیں کریں گے، مقتدر حلقوں کو بھی سوچنا چاہیئے کہ جب سیاسی عمل میں مداخلت نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تو اس پر عمل بھی کیا جائے، کسی پارٹی کو مسلط کرنے اور کسی کو کامیاب ہونے سے روکنے کی کوشش نہ کی جائے۔ عوام کے سامنے بھی شہر تباہ و بربار کرنے والوں کا ماضی اور حال واضح ہے اور جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک اور عوامی خدمات اور جدو جہد بھی سب کے سامنے ہے۔ چائنا کٹنگ کرنے والوں کو سب جانتے ہیں، شہر میں نئے کالجز، ماڈل پارک کس نے بنائے اور کس نے ان پر قبضے کیے سب کو معلوم ہے.