بلوچستان کے لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کیاجائے ،آل پارٹیز کانفرنس کا آرمی چیف سے مطالبہ

کوئٹہ (آن لائن)آل پارٹیز کانفرنس نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیاہے کہ بلوچستان کے لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کیاجائے،جعلی مقابلوں میں قتل ہونے والے لاپتہ افراد کی لاشوں کو ورثاء کے حوالے کئے جائیں،طاقت مسئلے کا حل سیاسی طورپر بلوچستان کامسئلہ دیکھاجائے،مسنگ پرسنز صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ خیبرپشتونخوا کا بھی مسئلہ ہے اس لئے اس مسئلے کیلئے سیاسی جماعتوں کی سنجیدہ جدوجہد کی ضرورت ہے، علی وزیر2برسوں سے قید و بند کی زندگی گزارر ہے ہیں عدالت سے ضمانت کے باوجود انہیں رہا نہ کرنا ظلم اور زیادتی کے مترادف ہے۔ان خیالات کااظہار بزرگ بلوچ سیاست دان ڈاکٹر حکیم لہڑی،نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ وکمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین محسن داوڑ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئرنائب صدر ملک عبدالولی کاکڑ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ورکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی،وائس فاربلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء خیر بخش بلوچ،اشرف بلوچ ودیگر مقررین نے 10دسمبر کو انسانی حقوق کی عالمی دن کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام گزشتہ روزآل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حکیم لہڑی نے کہا کہ آج لاپتہ افراد کے اہلخانہ کے آنسو دیکھ کر دل خون کے آنسو رورہا ہے ان تمام مسائل کے حل کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنا چاہئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر بلوچستان مسئلے کے حل کیلئے آواز اُٹھائیں تو ممکن ہے کہ مسئلہ حل ہو انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 1948سے گمشدگیوں کا سلسلہ جاری ہے اسد مینگل نظر محمد شہی سمیت ہزاروں لاپتہ افراد آج بھی اُنکے اہل خانہ اُنکے منتظر ہیں کسی کو شہید کیا گیا ہے میں آرمی چیف سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان میں جاری آپریشن بند کرکے مسئلے کو طاقت کی بجائے مذاکرات سے حل کیا جائے ہزاروں لاپتہ افراد کو عدالتوں میں پیش کرکے اُنہیں انصاف فراہم کیا جائے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک ولی کاکڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کی فریاد آج کی نہیں ہے ہم نے عمران خان کی حکومت صرف اسلئے خیر باد کہی کہ انہوں نے کہا کہ اپنے 6نکات میں سے لاپتہ افراد کو اپنے ایجنڈے سے نکال دو آج بلوچستان کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے سیندک پروجیکٹ ریکوڈک سمیت تمام معدنی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ آج جس تیزی سے لوگ مذہبی جماعتوں میں شمولیت اختیار کررہے ہیں یا تو وہ مایوس ہوگئے ہیں یا مراعات کی لالچ میں شمولیت کررہے ہیں انہوں نے کہا محمود خان اچکزئی نے اپنی پارٹی عملی طور پر جمعیت علماء اسلام میں ضم کردی ہے.