راولپنڈی(آن لائن)مشیر داخلہ، اطلاعات اور جیل خانہ جات عمر سرفراز چیمہ نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کا دورہ کیا اور اس کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ آئی جی جیل خانہ مبشر علی خان اور سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد جاوید وڑائچ بھی انکے ہمراہ تھے۔ اڈیالہ جیل پہنچنے پر عمر سرفراز چیمہ کو پولیس کے چاوق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وہ جیل میں قائم بچوں کی وارڈ میں بھی گے، کمپوٹر لیب اور درسگاہ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے بچوں کو تحائف بھی پیش کئے۔ عمر سرفراز چیمہ جیل میں قائم ٹیلرنگ ورکشاپ میں بھی گے۔ انہوں نے اسیران کیلئے تیار کردہ کھانے کا بھی معائنہ کیا اور اس کی کوالٹی چیک کیا اس موقع پر مشیر داخلہ، اطلاعات و جیل خانہ جات عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جیلوں کو اذیت کی جگہ کی بجائے اپنے منشور کے مطابق قیدیوں کی تربیت کرکے ان کو کار آمد اور ذمہ دار شہری بنانے کے پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دوران تاریخی جیل ریفارمز کی گئیں ہیں اور جیل پولیس اور ملازمین کی تنخواہوں اور سہولیات میں گرانقدر اضافہ کیا گیا ہے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پنجاب بھر کی تمام جیلوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایک فلاحی ریاست کے معیار کے مطابق جیلوں میں ریفارمز کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو قیدی لڑکپن کی عمر میں مختلف جرائم کے مرتکب ہو کر سزائیں کاٹتے ہیں انکے لئے تعلیم اور ہنر سیکھنے کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ سزا کاٹنے کے بعد وہ باعزت روزگار کما سکیں عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ قیدیوں کی عمومی صحت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور انکے کھانے کے معیار اور پینے کے پانی کی کوالٹی کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کی ہیلتھ سکریننگ کے نظام کی بہتری کیلئے منصوبندی کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر عمر سرفراز چیمہ کو اڈیالہ جیل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے جیل کے انتظامات کے متعلق ضروری ہدایات بھی جاری کیں.
Load/Hide Comments



