لاہور(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اشیائے خوردونوش کی مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کی مہنگائی 44 فیصد ہے،اس وقت عام آدمی کے لیے اپنی خوراک پوری کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید 347 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے،اس وقت صرف 7.5 ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں،ملک تقریباًدیوالیہ ہوچکا ہے اور یہی امپورٹڈ ٹولے کا مشن تھا جو پورا ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری برآمدات میں مسلسل کمی آ رہی ہے،گزشتہ ماہ 2369 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 18 فیصد کم ہے،ہر معاشی اشاریہ اس وقت تباہی کی داستان سنا رہا ہے لیکن آج بھی عوام سے کی گئی اس زیادتی کا ازالہ کرنے کی کوشش نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مشکلات کے باوجود اصلاحات کے ذریعے ملک کی معاشی بنیادیں ٹھیک کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں رخنہ ڈالا گیا، ان شاللہ تحریک انصاف بھاری اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آکرترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرے گی۔
Load/Hide Comments



