سیلاب سے متاثر ہونے والے کسانوں کی مددکیلئے امریکہ نے 80لاکھ ڈالر مالیت کی امداد فراہم کردی

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں رواں سال آنیوالے تباہ کْن سیلاب سے متاثر ہونے والے کسانوں کی مدد کیلیے امریکہ نے 80لاکھ ڈالر مالیت کی امداد فراہم کردی۔ اس بات کا اعلان پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلَوم نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے کسان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نے امریکی امداد کی فراہمی میں تسلسل کا ذکر کرتے ہوئے اقتصادی ترقی میں پاکستان اور امریکہ کی طویل تاریخ کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ ترقیاتی چیلنجوں سے نبرد آزما ہوتے ہوئے دونوں ممالک مستقبل میں اشتراک کار کے لیے پْر امید ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ جیسا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان ماضی میں ایک “سبز انقلاب”نے زندگیوں پر مثبت اثرات مْرتّب کیے تھے بالکل اْسی طرح ایک “سبز اتحاد”بھی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت، شفاف توانائی کی تیاری کے متبادل ذرائع اور اقتصادی ترقی کے لیے محرک ثابت ہوگا۔