ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،شہباز شریف

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عمران خان کو ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ان کا مقصد اولین مقصد ہی ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں کابینہ اجلاس ہو ا، وزیر اعظم نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے حوالے سے سیکورٹی کے بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ کو شاباش دی جبکہ وزیر اعظم نے دورہ ترکیہ پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیااجلاس میں پاکستان تحر یک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے صوبائی اسمبکیوں کی تحلیل کے فیصلے کی روشنی میں حکومت کی جوابی حکمت عملی زیربحث آئی، کابینہ کو صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل سے پی ٹی آئی کی فیصلہ پر آئینی، قانونی و سیاسی پہلوؤں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، انکا اولین مقصد ہی ملک میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس میں وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ معاشی بہتری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔ قبل ازیں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں کابینہ اراکین نے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو واپس قانون و انصاف کا قلمدان ملنے پر مبارکباد دی،وفاقی کابینہ کی بلوچستان میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس گاڑی پر دھماکے کی شدید مذمت کی اور ایک پولیس اہلکار اور ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا.