جمہوریت کے فروغ کے لیے پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں،پرویز اشرف

اسلام آباد(آن لائن)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی کے 55 ویں یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پارٹی ملک میں عوامی خدمت اور جمہوریت کے فروغ کی لازوال داستان ہے،ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے اور عوامی خدمت کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی تھی،قائد عوام وہ عظیم رہنما تھے جنہوں نے سقوط ڈھاکہ کے بعد ملک کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا،انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پاکستان کو 1973 کے آئین کی صورت میں مکمل دستور فراہم کیا،پیپلز پارٹی نے 18 آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی اصل روح کے مطابق بحال کیا اور صوبوں کو اختیارات دیئے، پیپلز پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی، اپنے تینوں ادوار میں بے مثال حکومت کی، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد محترمہ نصرت بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت میں اپنی جدو جہد جاری رکھی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیے دی گئی قربانیاں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی،ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور آئین و قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے،ملک میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا،جمہوریت کی بحالی کے لیے پیپلز پارٹی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،پارٹی اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔