سپریم کورٹ نے موٹر ویز پر موٹر سائیکل، بائیکس چلانے کی اجازت دینے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار د ے دیا

اسلام آباد(آن لائن) سپریم کورٹ نے موٹر ویز پر موٹر سائیکل، بائیکس چلانے کی اجازت دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت عظمی نے تحریری فیصلے میں قرار دیا ہے کہ موٹر ویز پر بائیکس چلانے کی اجازت دینا خطرناک ہو سکتا ہے۔ قانون شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے بنائے جاتے ہیں۔ 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس محمد علی مظہر نے تحریر کیا ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس احتیاطی تدابیر کے تحت مخصوص علاقوں میں موٹر سائیکل پر پابندی کا اختیار ہے۔ سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ موٹر ویز پر تیز رفتار ٹریفک موٹرسائیکل سواروں کیلئے خطرناکہو سکتی ہے۔ شہریوں کی حفاظت کیلئے موٹر ویز پر بائیکس چلانے پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے کیس کا تحریری فیصلہ ہفتہ کو جاری کیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے موٹر ویز پر بائیکس چلانے کے فیصلہ کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے عدالت عظمی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔