عمران کے خطاب سے لگا انہیں گولی نہیں غم لگا ہے،مریم اورنگزیب

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے خطاب سے یقین ہو گیا ہے کہ انہیں گولی نہیں غم لگا ہے، ان کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہو گیا ہے عمران خان صحت مند ہے لیکن وہ بہتان تراشی کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے خطاب سے لگا انہیں گولی نہیں غم لگا ہے، ان کا لانگ مارچ ورک فراہم ہوم ہو گیا ہے، یہ ایسا بہروپیا ہے جوجھوٹ بول کربھیس بدلتا ہے۔ عمران صاحب!عوام پاگل اوربیوقوف نہیں ہیں، وہ صحت مند اوربہتان تراشی کر رہے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کو دیکھ کر آرمی چیف کو تاحیات ایکسٹنشن کی آفرکی، آرمی چیف نے ان کی بات کو نہیں مانا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی عمران کے بیانیے کو مسترد کردیا تھا، 6 ماہ تک اداروں کے خلاف مہم چلائی گئی، ملک کوآگ لگانے اورتقسیم کرنے کی بات کی گئی، ابھی موصوف خارجہ پالیسی پر گفتگو کر رہے تھے، 4 سال فارن پالیسی کا جنازہ نکال کرگئے، ایبسلوٹلی ناٹ ناٹ کہنے والا امریکا سے معافیاں، ترلے منتیں کر رہا ہے، عمران صاحب! اِٹ اِز ناٹ اوور، جواب دینا پڑے گا، حقیقی آزادی مارچ کا شور وہ مچا رہا ہے جس نے گھڑی بیچی۔