قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے،اسد عمر

چکوال (آن لائن) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشہ سات ماہ میں جو کچھ ہوا یہ ملک کو کمزور کرنے کیلئے کیا گیا۔پاکستان کو متحد کرنے والوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ملک کو کمزور کرنے والوں کی حقیقت قوم جانتی ہے۔ اسد عمر نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہا سمجھنا ضروری ہے کہ ملک کی آزادی کو کس قسم کا خطرہ ہے،21 ویں صدی میں دشمن ملک طریقے استعمال کرتے ہیں۔جو قوم متحد نہ ہو وہ دشمن کا مقابلہ کیسے کرے گی؟ملک میں دو قوتیں ہیں جو متحد کرتی ہیں،ایک فوج ہے جو پاکستان پر آنچ تک نہیں آنے دیتی۔ جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں چلے جائیں،عمران خان کو چاہنے والے لوگ ملیں گے،قومی لیڈر میں یہ طاقت ہوتی ہے کہ وہ قوم کو متحد کرتا ہے۔عمران خان قوم کا سوچتا ہے اور بہتری کیلئے کام کرتا ہے،قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان جب برسراقتدار آیا تو دشمن کو لگ رہا تھا کہ پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے،عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان اپنے فیصلے خود کرنے لگ گیا تھا۔ قبل ازیں اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم جو مرضی کرلے اگلا دورحکومت عمران خان کا ہے،یہاں ووٹ تو عوام ڈالتے ہیں لیکن طاقت عوام کے پاس نہیں ہوتی، کپتان اپنی ذات کیلئے سیاست میں نہیں آیا،عمران آئے گا تو سارا پیسا عوام پر لگے گا، سڑکیں، کالج، سکول ہسپتال بنیں گے۔انکا کہنا تھا کہ تین سال 8 ماہ وزارت اعظمٰی کے عہدے پر بیٹھا لیکن کوئی بتا دے کہ عمران خان نے کوئی فیکٹری کھڑی کرلی ہو،کوئی ٹاور بنایا ہو، جو بھی پاکستانی وسائل کا پیسہ ہوگا وہ عوام پر لگے گا جس دن پاکستان کا سارا پیسہ پاکستان پر خرچ ہوگا تو نظر آئے گا سڑکیں،کالج اور ہسپتال بھی بنیں گے۔