وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا پبلک سیفٹی اورعوام کو سہولتیں دینے کیلئے انقلابی فیصلہ

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے پولیس اوردیگر محکموں کیلئے1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ پنجاب بھر میں پبلک سیفٹی اورعوام کو سہولتیں دینے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائیگا۔ صوبے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کوجدید بنائیں گے اورصرف پولیس کیلئے ایک ہزار سے ڈرون کیمرے لئے جائیں گے۔ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے میں جدید پولیسنگ سسٹم کو فروغ دیں گے اور پٹرولنگ پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے میں سٹریٹ کرائم اوردیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اوراس پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پنجاب میں علیحدہ ونگ بنایا جائے گا۔ ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں عملے کو چینی کمپنی سے تربیت دلوائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس اور متعلقہ محکموں کو ڈرون کیمرے لینے کیلئے حتمی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اپنی ضروریات کے مدنظر رکھ کر فائنل رپورٹ جلد پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول پنجاب کی تاریخ کا منفرد اورجدید ترین پروگرام ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں چین کی ڈرون ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی Da-Jiang Innovations(DJI) کے وفدنے ملاقات کی۔ وفد میں لائی مین یاک(Mr. Lai Man Yuk)، کولٹ چن(Mr. Colt Chen)،لومن ژاؤ(Mr. Lumen XU)، ہونگ جینگے ژانگ(Mr. Hongjingye Zhang)، مین یاک لائی(Mr.Man Yuk LAI)، زین وین لیان (Mr. Zhenwen Lian)، الیسٹرکونگ(Mr. Alistair KUNG) شامل تھے۔ چینی کمپنی کے وفد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف سروسز کو بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان، قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس کنور شاہ رخ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔