ملاکنڈ ڈویڑن سے مارچ کی قیاد ت خود کر ونگا، وزیر اعلی محمود خان

پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ریجن کے عوام نے جمہوریت کی بقاء اور امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب کی بار بھی حقیقی آزادی مارچ میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔ اْنہوں نے کہاکہ وہ ملاکنڈ ڈویڑن سے مارچ کی قیاد ت خود کریں گے۔ یہ ایک پر امن مارچ ہوگا جس کا مقصد ملک و قوم کو حقیقی معنوں میں آزادی دلانا ہے کیونکہ ہم 72 سالوں میں آزادی کا وہ مقصد حاصل نہیں کر سکے جس کے تحت پاکستان معرض وجود میں آیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ملک اسلام اور شریعت کے نام پر بنا تھا، ہم یہ مقصد عمران خان کی قیادت میں حاصل کرکے رہیں گے۔بدھ کے روز باجوڑ اور تیمر گرہ میں حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں آزادی مارچ کرپٹ سسٹم اورمفاد پرست سیاسی مافیا کے خلاف حتمی اقدام ثابت ہو گا، عوام کو ملک و قوم کی حقیقی آزادی اور اپنی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے باہر نکلنا ہو گا۔وزیراعلیٰ نے بدھ کے روز ضلع باجوڑ اور سب ڈویڑن تیمرگرہ کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں اْنہوں نے اربوں روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے باجوڑ میں 18 ترقیاتی منصوبوں جبکہ تیمرگرہ میں 8 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔