اسلام آباد(آن لائن) ورلڈ بنک نے پاکستان میں ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ایف بی آر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔جمعرات کے روز چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کے ساتھ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بینہسین نے ایف بی آر ہیڈکواٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف بی آر ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے پاکستان ریزز ریونیو پروگرام نافذ کر رہا ہے اس پروگرام سے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرکے اور تعمیل کو آسان بنا کر ملکی آمدنی میں پائیدار اضافے میں مدد ملے گی ورلڈ بینک نے حال ہی میں اکتوبر سے نومبر 2022 میں اس پروگرام کا وسط مدتی جائزہ مکمل کیا ہے اور ابتدائی نتائج کی بنیاد پر ورلڈ بینک نے ٹیکس نظام کو آسان بنانے، ٹیکس انتظامیہ کو خودکار بنانے میں بڑی اصلاحات کی وجہ سے پروجیکٹ کی پیشرفت پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ملاقات کے دوران چیئرمین ایف بی آر نے دونوں طرف کی ٹیموں کی کاوشوں کی تعریف کی اور مزید کہا کہ یہ پروگرام ایف بی آر کی آئی ٹی پر مبنی صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنے اور بڑھانے کے ذریعے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) پر مبنی ٹیکس انتظامیہ کو مزید مضبوط کرنے جا رہا ہے۔ ایف بی آر اور ورلڈ بینک نے منصوبے کے تحت اصلاحاتی ایجنڈے کو نئے سرے سے جاری رکھنے اور تمام مطلوبہ نتائج کے حصول کو یقینی بنانے پر توجہ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
Load/Hide Comments



