لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے یوم اقبالؒ کے موقع پر حکیم الامت علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جزبہ حریت بیدار کیا اور ایک الگ وطن کا تصور پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا فلسفہ خودی پوری انسانیت کے لئے اور خاص طور پر نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ علامہ اقبالؒ مسلمان نوجوانوں کو شاہین کی طرح خوددار دیکھنا چاہتے تھے۔ نوجوان علامہ اقبالؒ کے فلسفہ خودی کو سمجھ کر اپنے اندر اعلیٰ خصوصیات پیدا کریں۔ علامہ اقبالؒ کے فلسفے کو سمجھ کر ہم ایک ایسا پاکستان بنا سکتے ہیں جس کا خواب شاعر مشرق علامہ اقبالؒ نے دیکھا تھا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے فرمودات سے ہمیں اسلام کا حقیقی پیغام سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کی حقیقی شناخت کیلئے انہیں خواب غفلت سے بیدار کیا اسی لیے ہم آج ایک آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں.
Load/Hide Comments



