اسلام آباد(آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ آزادی کی خاطر مقبوضہ کشمیر کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نہتے کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جاے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدو جہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے حل کیے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو ہر سال 6 نومبر کو ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آج کا دن 6 نومبر کے اس اندوہناک سانحہ کی یاد دلاتا ہے جب ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج نے جموں اور اس کے ارد گرد کے علاقوں سے پاکستان ہجرت کرنے والے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ مہاراجہ کی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاے گا۔سپیکر نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 75 سالوں سے ہزاروں ماؤں کے جگر کے ٹکڑے شہید کیے جا چکے ہیں اور خواتین کی بے حرمتی اور عصمت دری کے ہزاروں واقعات رونما ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی نام نہاد جمہوری حکومت کے ہاتھ ہزاروں کشمیری شہداء کے لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔اسپیکر نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدو جہد کی ہر فورم پر اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے اور اس سلسلے میں پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کی طرف سے ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے طاقت کے بل بوتے پر قبضہ مہذب معاشرے کی اخلاقی اقدار اور عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے منافی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ آج کا دن ڈوگرا مہاراجہ ہری سنگھ کی افواج کے اس ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے جب انہوں نے 6 نومبر 1947 کو جموں کشمیر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں سے پاکستان ہجرت کرنے والے ہزاروں مسلمانوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ 6نومبر 1947 کے شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاے گا۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے اور انہیں آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع ملے گا۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ سے اپنے کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں.
Load/Hide Comments



