مرتضیٰ وہاب کراچی کے لیے باتیں تو بہت کرتے ہیں لیکن شہر کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سیاسی اور غیر قانونی ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کراچی کے لیے باتیں تو بہت کرتے ہیں لیکن شہر کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا،سڑکوں کی استرکاری کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی جارہی ہے، ناقص مٹیریل کے استعمال سے ایسی سڑکیں بنائی جا رہی ہیں جو بارش سے قبل ہی خراب ہوجائیں گی اور ایک بار پھر استرکاری کے نام پر اربوں روپے بجٹ مختص کر کے دوبارہ کرپشن کی جائے گی۔کراچی میں 3 مرتبہ بلدیاتی الیکشن ملتوی کیے جا چکے ہیں اور یہ واضح ہو گیا ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت آپس میں ملے ہو ئے ہیں،بلدیاتی انتخابات نہ ہونے سے کراچی کے فنڈز کرپشن کی نظر ہو رہے ہیں۔ سندھ پولیس کے 6 ہزار اہلکار اسلام آباد بھیجے گئے لیکن بلاول بھٹو انتخابات کے لیے ناظم آباد کے پولنگ اسٹیشن پر پولیس نہیں لگا سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ کلفٹن کے تحت فیرئیر ٹاؤن میں ”ایک شام حافظ نعیم الرحمن کے ساتھ“ کے عنوان سے منعقددہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے نائب امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور، یوسی iiصدرٹاؤن کے نامزد امیدوار سعد لیاقت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر معروف سماجی شخصیت لیاقت عبدا للہ، کنٹونمنٹ کونسلر ذکر محنتی،معاذ لیاقت بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ آج ملک کے سب سے بڑے شہر کا کوئی والی وارث ہی نہیں، کوئی اسے اُون کرنے کو تیار نہیں، تمام حکومتیں اور حکمران جماعتیں کراچی سے صرف لوٹ مار کرنا چاہتی ہیں لیکن کراچی کے لیے کچھ کرنا نہیں چاہتی، یہ شہر پورے پاکستان کی معیشت کو چلاتا ہے، قومی خزانے میں 67ریونیو جنریٹ کر کے دیتا ہے اور گزشتہ سال کی نسبت اس سال 42فیصد زیادہ ٹیکس جمع کروایا ہے لیکن اس کے باوجود کراچی کے مسائل سے کسی کو کوئی سروکار نہیں ہے، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے.