لاہور (آن لائن) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں سوشل میڈیا ٹیم کے وفد نے گورنر پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر حسن ملک کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں صدر لاہور مسلم لیگ (ن)سوشل میڈیا عزیر کیانی سمیت سینئر ممبران فہید اسحاق، حمزہ رضوان،حافظ نعمان، حسن سردار اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ دائمی کامیابی صرف سچ میں ہے، جھوٹی اور من گھڑت خبروں کا مقابلہ سچ سے کریں۔اُنہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ خبروں کی حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو دیوالیہ پن سے بچانے کے لیے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت میں آنے کا مشکل فیصلہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس وقت پارٹی قیادت نے کہا کہ یہ وقت سیاست نہیں ریاست بچانے کا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، حال ہی میں وفاقی حکومت نے کاشتکاروں کے لیے کسان پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی اور عوام کو دیگر شعبوں میں مذید ریلیف دیا جائے گا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے سابق ادوار میں مہنگائی کی شرح بہت کم تھی اور معیشت بہتر تھی۔اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے ہمیشہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے فنذز میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور نوحوانوں کو جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے لیپ ٹاپس دیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کچھ عناصر ملک میں انتشار اور نوجوانوں میں مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور ملک کی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
Load/Hide Comments



