جھوٹ اور نفرت پر مبنی سیاست کا دروازہ اب بند ہونا چاہیے، حمزہ شہباز

لاہور (آن لائن)اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ اور نفرت پر مبنی سیاست کا دروازہ اب بند ہونا چاہیے۔ تحریک انصاف کے احتجاج پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں ملک کو داؤ پر لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نذر آتش کرنے سے تحریک انصاف کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے؟ تحریک انصاف والوں نے احتجاج کے نام پر ایک غریب کا موٹر سائیکل جلا ڈالا جو اس کی روزی روٹی کا ذریعہ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی نااہلی اور سیکیورٹی میں کوتاہی کی تحقیقات ہونی چاہئیں، اس سارے واقعے کی بھرپور تحقیقات ہونی چاہئیں کہ اس کا سب سے زیادہ فائدہ کون اٹھا رہا ہے۔